ALSYED TRADING

نان فارم پے رولز کیا ہے؟

تعارف:

نان فارم پے رولز (این ایف پی) امریکہ کا ایک اہم اقتصادی انڈیکٹر ہے جو امریکہ کے تنخواہ دار ملازمین کی تعداد کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ ڈیٹا ایک ملک کی جاب مارکیٹ کی مکمل صورتحال بیان کرتا ہے، یہ بتاتا ہے کہ پچھلے مہینے کے مقابلے اس مہینے کتنی نئی جابز یعنی ملازمتیں شامل ہوئیں۔ (لیکن زرعی ملازمین، حکومتی ملازمین، نجی گھریلو ملازمین، اور غیر منافع بخش تنظیموں یعنی این جی اوز کے ملازمین اس ڈیٹا میں شامل نہیں ہوتے۔) یہ ڈیٹا عمومی طور پر ہر مہینے کے پہلے جمعہ کو ریلیز ہوتا ہے۔ زیادہ یا کم جاب ڈیٹا آنے پر مختلف فنانشل مارکیٹس بشمول سٹاک، فاریکس، کرپٹو، کماڈٹی اور بانڈ مارکیٹ اپنا ردعمل دیکھاتی ہیں۔ این ایف پی ڈیٹا کے ساتھ بے روزگاری ڈیٹا بھی جاری کیا جاتا ہے جو بتاتا ہے کہ ملک میں بے روزگاری کی شرح کتنی زیادہ یا کم ہے۔ بے روزگاری ڈیٹا میں تمام کیٹیگری کے ورکرز شامل ہوتے ہیں بشمول انکے جو کام کرنا چاہتے ہیں مگر اپنی قابلیت اور سکل کے مطابق روزگار نہ ملنے کی وجہ سے بے روزگار ہوتے ہیں۔

این ایف پی کے اجزاء:

این ایف پی میں مختلف شعبوں سے جاب ڈیٹا شامل ہوتا ہے۔ درج ذیل پانچ شعبے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، مثلاً :

1-تعمیرات:

عمارت اور تعمیراتی سرگرمیوں میں ملازمتیں۔

2- مینوفیکچرنگ:

کارخانوں اور پیداواری سہولیات میں ملازمتیں۔

3- ریٹیل ٹریڈ:

دکانوں اور ریٹیل اداروں میں ملازمتیں۔

4- صحت کی دیکھ بھال:

ہسپتالوں، کلینکس، اور دیگر طبی سہولیات میں ملازمتیں۔

5- پروفیشنل اور بزنس سروسز:

کارپوریٹ دفاتر، مشاورتی فرموں، اور دیگر پیشہ ورانہ خدمات میں ملازمتیں۔

این ایف پی کیوں اہم ہے؟

این ایف پی کئی وجوہات کی بناء پر اہم ہے ہم یہاں چار وجوہات کا ذکر کریں گے:

اقتصادی صحت کا اشارہ:

یہ لیبر مارکیٹ کی صورتحال کی ایک جھلک فراہم کرتا ہے، جو معیشت کی مضبوطی یا کمزوری کی نشاندہی کرتا ہے۔

مانیٹری پالیسی کے فیصلے:

فیڈرل ریزرو، این ایف پی ڈیٹا کو قریب سے دیکھتا ہے تاکہ سود کی شرح اور دیگر مانیٹری پالیسیوں کے بارے میں فیصلے کر سکے۔

مارکیٹ کی جذبات:

این ایف پی ڈیٹا سرمایہ کاروں کے جذبات اور مارکیٹ کے ٹرینڈ کو متاثر کرتا ہے، جو مختلف مالیاتی مارکیٹس بشمول سٹاک فاریکس کرپٹو اور کماڈٹی پر اثر انداز ہوتا ہے۔

ارننگ گروتھ اور انفلیشن:

این ایف پی ڈیٹا لیبر کی زیادہ اجرت اور انفلیشن میں تبدیلیوں کا اشارہ دے سکتا ہے، جو صارفین کے اخراجات اور مجموعی اقتصادی سرگرمیوں کو متاثر کرتا ہے۔

این ایف پی ڈیٹا ریلیز پر مارکیٹس کے ردعمل

اسٹاک مارکیٹس:

1.1- ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ:

مثبت ملازمت کا ڈیٹا اقتصادی گروتھ کی نشاندہی کرتا ہے، جو اسٹاک مارکیٹس کو بڑھا سکتا ہے کیونکہ زیادہ ملازمتیں صارفین کے اخراجات اور کارپوریٹ منافع میں اضافہ کرتی ہیں۔ (جب شرح سود کافی زیادہ ہو اور انویسٹرز شرح سود میں کمی کی امید کر رہے ہوں تب زیادہ جابز شامل ہونا منفی چیز ہے)

1.2- ملازمتوں کی تعداد میں کمی:

منفی ملازمت کا ڈیٹا اقتصادی سست روی کی نشاندہی کرتا ہے، جو اسٹاک مارکیٹس کو نقصان پہنچا سکتا ہے کیونکہ کم ملازمتیں صارفین کے اخراجات اور کارپوریٹ منافع کو کم کرتی ہیں۔

کرپٹو مارکیٹ: .2

2.1- ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ:

مثبت این ایف پی ڈیٹا سود کی شرحوں میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے، لیکویڈیٹی کو کم کر سکتا ہے اور ممکنہ طور پر کرپٹو مارکیٹ کو منفی طور پر متاثر کر سکتا ہے۔ تاہم، مضبوط معیشت سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھا سکتی ہے، جو کرپٹو قیمتوں کو مثبت طور پر متاثر کر سکتی ہے۔ (ہم نے یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ شرح سود آنے والے مہینوں میں زیادہ سے کم ہوں گے یا کم سے زیادہ کی طرف جانے والے ہیں)۔

2.2- ملازمتوں کی تعداد میں کمی:

منفی این ایف پی ڈیٹا سود کی شرحوں میں کمی کا باعث بن سکتا ہے، لیکویڈیٹی میں اضافہ کر سکتا ہے اور ممکنہ طور پر کرپٹو مارکیٹ کو بڑھا سکتا ہے۔ تاہم، اقتصادی عدم استحکام سرمایہ کاروں کو کرپٹو کرنسیوں کی طرف متوجہ کر سکتا ہے۔

3. فاریکس مارکیٹس:

3.1- ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ:

مثبت ملازمت کا ڈیٹا امریکی ڈالر کو مضبوط کر سکتا ہے کیونکہ یہ ایک مضبوط معیشت کی نشاندہی کرتا ہے، جو غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرتا ہے۔

3.2 – ملازمتوں کی تعداد میں کمی:

منفی ملازمت کا ڈیٹا امریکی ڈالر کو کمزور کر سکتا ہے کیونکہ یہ اقتصادی سست روی کی نشاندہی کرتا ہے، جو غیر ملکی سرمایہ کاری کی کشش کو کم کرتا ہے۔

4. گولڈ مارکیٹس:

4.1 – ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ:

مثبت این ایف پی ڈیٹا سود کی شرحوں میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے، جس سے سونا کم پرکشش ہوتا ہے کیونکہ یہ کوئی سود نہیں دیتا۔ تاہم، اقتصادی گروتھ سونے جیسے محفوظ اثاثوں کی طلب کو کم کر سکتی ہے۔

4.2 – ملازمتوں کی تعداد میں کمی:

منفی این ایف پی ڈیٹا سود کی شرح میں کمی کا باعث بن سکتا ہے، جس سے سونا زیادہ پرکشش ہوتا ہے۔ اقتصادی عدم استحکام محفوظ اثاثوں کی طلب کو بھی بڑھا سکتا ہے۔

5. آئل مارکیٹس:

5.1- ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ:

مثبت ملازمت کا ڈیٹا زیادہ اقتصادی سرگرمی اور توانائی کی طلب کا اشارہ دیتا ہے، جو تیل کی قیمتوں کو بڑھا سکتا ہے۔

5.2 – ملازمتوں کی تعداد میں کمی:

منفی ملازمت کا ڈیٹا کم اقتصادی سرگرمی اور توانائی کی طلب کا اشارہ دیتا ہے، جو تیل کی قیمتوں کو کم کر سکتا ہے۔

این ایف پی ڈیٹا پر مبنی سرمایہ کاری کی حکمت عملی:

ایک سرمایہ کار کے طور پر، این ایف پی ڈیٹا پر غور کرنا مختلف مارکیٹوں میں انٹری یا ایگزٹ کے فیصلوں میں اہم ہے:

1- اسٹاک:

مثبت ملازمت کے ڈیٹا کے دورانیے میں ان شعبوں پر توجہ دیں جو اکنامک گروتھ سے فائدہ اٹھاتے ہیں، جیسے کنزیومر ڈسکریشنری اور ٹیکنالوجی وغیرہ۔ اور منفی ملازمت کے ڈیٹا کے دورانیے میں دفاعی شعبوں جیسے یوٹیلٹیز اور کنزیومر سٹیپلز پر غور کریں۔

2- کرپٹو:

کرپٹو ہولڈنگ کو مختلف بیانیوں میں ڈائی ورسی فائی کریں۔ بڑے مارکیٹ کیپ کوئن میں رہیں۔ ایک ہی کرپٹو کوئن یا چھوٹے مارکیٹ کیپ کے کوئن معاشی ابتری میں آپ کی انویسٹمنٹ کو بہت رسکی بنا سکتے ہیں۔

3- فاریکس:

کسی کرنسی پیئر (جوڑے) کی امریکی ڈالر کی مضبوط یا کمزوری دیکھ کر ٹریڈنگ کریں، مثلاً اگر جاب ڈیٹا ڈالر کو مضبوط کر رہا ہے تو ڈالر اپنے دوسرے جوڑے (مثلاً یورو، جاپانی ین، برطانوی پاؤنڈ) کے مقابل اوپر جائے گا۔

4- گولڈ:

سونے کو اقتصادی عدم استحکام اور کم سود کی شرح والے ماحول کے خلاف ہیج کے طور پر استعمال کریں۔ مضبوط اقتصادی گروتھ اور بڑھتی ہوئی سود کی شرحوں کے دوران محتاط رہیں۔

5- آئل:

عالمی اقتصادی سرگرمی اور توانائی کی طلب کا جائزہ لیں، کم جابز اور زیادہ بے روزگاری عمومی طور پر معاشی سست روی کی نشاندہی کرتے ہیں جس سے آئل کی قیمت نیچے آسکتی ہے۔ این ایف پی ڈیٹا اور دیگر عوامل جیسے جغرافیائی سیاسی واقعات اور سپلائی موومنٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے باخبر فیصلے کریں۔

نتیجہ

این ایف پی اور اس کے مختلف مارکیٹس پر اثرات کو سمجھنا سرمایہ کاری کے باخبر فیصلے کرنے کے لئے اہم ہے۔ این ایف پی ڈیٹا ریلیز کو قریب سے مانیٹر کرکے اور ان کے ممکنہ اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے، سرمایہ کار اسٹاک، کرپٹو، فاریکس، گولڈ، اور آئل مارکیٹس کی پیچیدگیوں کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں، آپ اپنی حکمت عملی کے ذریعے خطرات کو مینج کرنے اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے بہتر فیصلے کر سکتے ہیں۔

Shopping Cart