1- تعارف
بٹ کوئن کی ٹریڈنگ مختلف آن لائن پلیٹ فارمز اور ایکسچینجز پر ہوتی ہے جو ہفتے کے سات دن چوبیس گھنٹے نان سٹاپ کام کرتے ہیں۔ تاہم، شکاگو مرکنٹائل ایکسچینج (سی ایم ای)، جو ایک بڑی فیوچرز ایکسچینج ہے، مخصوص ٹریڈنگ اوقات رکھتی ہے۔ یہ صرف سوموار سے جمعہ ٹریڈنگ کے لیے اوپن ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے بٹ کوئن کی قیمت کے چارٹ میں خاص قسم کے فرق پیدا ہوتے ہیں جنہیں بٹ کوئن سی ایم ای گیپ کہا جاتا ہے۔ ان گیپس کو سمجھنا ٹریڈرز اور سرمایہ کاروں کو قیمتی بصیرت فراہم کر سکتا ہے۔ ہم اس آرٹیکل میں سی ایم ای گیپ کو سمجھیں گے، اور یہ دیکھیں گے کہ یہ گیپس کیسے بنتے ہیں، انکی کیا اقسام اور اہمیت ہے، سب سے ضروری یہ دیکھیں گے کہ انکے تاریخی پیٹرن سمجھ کر انکو ٹریڈ کیسے کر سکتے ہیں؟
2- بٹ کوئن سی ایم ای گیپ:
بٹ کوئن سی ایم ای گیپ اس قیمت کے فرق کو کہا جاتا ہے جو سی ایم ای بٹ کوئن فیوچرز مارکیٹ میں اس وقت پیدا ہوتا ہے جب یہ ہفتے کے آخر میں بند ہو جاتی ہے اور دوبارہ کھلتی ہے۔ زیادہ تر کرپٹو ایکسچینجز کے برعکس، سی ایم ای پیر سے جمعہ (پاکستان سٹینڈرڈ ٹائم) کے دوران معمول کے ٹریڈنگ اوقات میں کام کرتی ہے، جس کی وجہ سے بندش کے بعد مارکیٹ دوبارہ کھلنے پر قیمت کے چارٹ میں گیپ پیدا ہو سکتے ہیں۔
3- سی ایم ای گیپس کیسے بنتے ہیں؟
3.1. مارکیٹ کلوزنگ:
سی ایم ای فیوچرز مارکیٹ ہفتہ کی صبح 2:00 بجے پاکستان سٹینڈرڈ ٹائم (پی کے ٹی) پر بند ہوتی ہے اور پیر کی صبح 3:00 بجے پی کے ٹی پر دوبارہ کھلتی ہے۔
3.2. ہفتے کے آخر کی ٹریڈنگ:
بٹ کوئن دوسرے ایکسچینجز جیسے بائنینس یا کوئن بیس ایکسچینج پر مسلسل ٹریڈ کرتا رہتا ہے۔
3.3. قیمت کا فرق:
اگر بٹ کوئن کی قیمت ہفتے کے آخر میں نمایاں طور پر بڑھتی یا گھٹتی ہے تو سی ایم ای فیوچرز کی قیمت پیر کی صبح جب دوبارہ ٹریڈنگ شروع ہوتی ہے تو گیپ کی عکاسی کرے گی۔ مثلاً اگر پاکستان وقت کے مطابق بٹ کوئن ہفتے کو 20 ہزار ڈالرز پہ تھا اور سی ایم ای مارکیٹ کلوز ہوگئی، اس دوران بائنینس یا کوئن بیس آن لائن ایکسچینجز پر اتوار کے دن اسکی قیمت 25 ہزار ڈالرز پہ چلی جاتی ہے تو ہفتے والے دن کے حساب سے 20 ہزار والی قیمت تک ایک بڑا گیپ بن چکا ہے۔ مارکیٹ عموماً ان گیپس کو کچھ گھنٹوں، دنوں، ہفتوں یا مہینوں میں ری وزٹ کرتی ہے یعنی قیمت 20 ہزار پہ واپس آ سکتی ہے۔
4- سی ایم ای گیپس کی اقسام
4.1. اوپر کی جانب گیپس:
یہ اس وقت پیدا ہوتی ہیں جب بٹ کوئن کی قیمت ہفتہ وار مارکیٹ بند ہونے کے بعد کم ہو جاتی ہے اور اوپر گیپ بن جاتا ہے۔ پھر سی ایم ای فیوچرز ٹریڈنگ پچھلے ہفتہ کی کلوزنگ قیمت سے نیچے اوپن ہوتی ہے۔
4.2. نیچے کی جانب گیپس:
یہ اس وقت پیدا ہوتی ہیں جب بٹ کوئن کی قیمت ہفتہ وار مارکیٹ بند ہونے کے بعد زیادہ ہو جاتی ہے اور نیچے گیپ بن جاتا ہے۔ پھر سی ایم ای فیوچرز ٹریڈنگ پچھلے ہفتہ کی کلوزنگ قیمت سے اوپر اوپن ہوتی ہے۔
5- سی ایم ای گیپس کی اہمیت
5.1. مارکیٹ کے ٹرینڈ کا اشارہ:
گیپس مضبوط مارکیٹ کے ٹرینڈ کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ اوپر کی جانب گیپ مثبت ٹرینڈ کی طرف اشارہ کرتا ہے جبکہ نیچے کی جانب گیپ منفی ٹرینڈ کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
5.2. ٹریڈنگ کے مواقع:
بہت سے ٹریڈرز یہ یقین رکھتے ہیں کہ گیپس بالآخر بھر جائیں گی، یعنی قیمت واپس اس سطح پر آ جائے گی جو گیپ کے پیدا ہونے سے پہلے تھی۔ یہ یقین گیپ بھرنے پر مبنی ٹریڈنگ حکمت عملی کو جنم دیتا ہے۔
5.3. غیر یقینی صورتحال اور خطرہ:
گیپس مارکیٹ میں ممکنہ عدم استحکام کی نشاندہی کر سکتے ہیں، جو ٹریڈرز کے لئے رسک ریوارڈ دونوں ہو سکتے ہیں۔
6- بٹ کوئن سی ایم ای گیپس کی ٹریڈنگ کیسے کریں؟
6.1. گیپ کی شناخت:
سی ایم ای بٹ کوئن فیوچرز کی قیمت کے چارٹ میں گیپس کی شناخت کرنے کے لئے چارٹنگ ٹولز کا استعمال کریں۔ آپ ٹریڈنگ ویو ایپلیکیشن پہ جا کے سی ایم ای فیوچر سرچ کر کے انکو دیکھ سکتے ہیں۔
6.2. ٹرینڈز کا انالسز:
مجموعی مارکیٹ کے ٹرینڈز کو مدنظر رکھیں۔ اگر گیپ موجودہ ٹرینڈ کے مطابق ہے، تو یہ اس سمت میں جاری رہ سکتی ہے۔
6.3. انٹری اور ایگزٹ کے پوائنٹس کا تعین:
گیپ کے حساب سے واضح انٹری اور ایگزٹ کے پوائنٹس کے ساتھ ٹریڈنگ سٹریٹجی بنائیں۔
6.4. رسک مینجمنٹ:
رسک مینج کرنے کے لئے سٹاپ لاس آرڈرز کا استعمال کریں، کیونکہ گیپس بڑی حرکت کا سبب بن سکتے ہیں۔
7- تاریخی پرفارمنس اور پیٹرن
تاریخی طور پر، بہت سے بٹ کوئن سی ایم ای گیپس مختصر مدت میں بھر گئے ہیں، ٹریڈرز یہ یقین رکھتے ہیں کہ گیپس کا بند ہونا ممکن ہے۔ ماضی کے گیپس اور ان کے نتائج کا انالسز ممکنہ مستقبل کے مارکیٹ رویے پر آپکو بصیرت فراہم کر سکتا ہے۔
8- نتیجہ
بٹ کوئن سی ایم ای گیپ کرپٹوکرنسی مارکیٹ میں ایک منفرد ایونٹ ہے، جو سی ایم ای فیوچرز مارکیٹ اور دیگر 24/7 کرپٹو ایکسچینجز کے ٹریڈنگ اوقات کے فرق سے پیدا ہوتا ہے۔ ان گیپس کو سمجھنا اور ان کی ٹریڈنگ کرنا مارکیٹ کے ٹرینڈز، اور تاریخی پیٹرن کا محتاط انالسز کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ ٹریڈرز اپنی ٹریڈنگ سٹریٹجی میں ان گیپس کو شامل کر کے قیمت کے فرق کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اپنے انالسز کو بہتر بنا سکتے ہیں۔